مہنگائی تلے دبی عوام کو آئندہ بجٹ میں ریلیف دینگے، عائشہ غوث پاشا

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام میں رہ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں،مہنگائی تلے دبی عوام کو آئندہ بجٹ میں ریلیف دینگے،حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے لئے سیاسی قیمت ادا کی ہے، عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ چاہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی معاہدے کے حق میں ہیں اور اسی وجہ سے وزارت خزانہ اور ایف بھی آر بھی مسلسل آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں، حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوجائے۔ بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں مہنگائی تلے دبی عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں اور عام آدمی پر بوجھ کم کریں گے۔ بجٹ کے سلسلے میں مائیکرواکنامک فریم ورک پر پراسیس آگے بڑھا رہے ہیں۔ ترجیحات کمیٹیوں کے ذریعے مختلف فریقین سے بات چیت کی جارہی ہے۔ جو کے پہلے ہفتے میں بجٹ پیش کر دیا جائے گا، بجٹ کی تاریخ کے حوالے سے عائشہ غوث کا کہنا تھا کہ بجٹ ہر سال کی طرح انہی تاریخوں میں پیش کیا جائے گا۔ ٹیکس نیٹ کو بھی بڑھانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو 10فیصد بھی نہیں ہے۔ تو قوم قرضوں سے کیسے چھٹکارا پا سکتی ہے۔