عمران خان سے2سال پہلے تعلق ختم ہو چکا،جہانگیر ترین

لاہور (آن لائن)جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان سے تعلق ختم ہو چکا ہے، وہ میرے دوست بھی تھے لیکن یہ سال دو سال پہلے ختم ہو گیا، ان کی اپنی وجوہات ہیں۔بدھ کے روز جناح ہاؤس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہم سب لوگوں کا بہت کردار ہے، میں نے زندگی کے دس سال دیئے ہیں،کتنا وقت دیاہے، کس لیے دیاہے؟ اس لیے دیا کہ ملک میں ہم نئی مثال بنائیں، ہر چیز داؤ پر لگا کر ایسی چیزیں کروانے کیلئے یہ سب ہم نے نہیں دیا، ہم نے ساری جدو جہد پر امن کی، کبھی تحریک انصاف کے جلسوں میں تشدد نہیں ہوا، مجھے بڑا فسوس ہوا کہ تحریک انصاف اس رخ پر نکل گئی ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، آئندہ بھی عوام کو اس جگہ پر نہیں لے جائیں گے کہ ان کے دماغوں میں اس طرح کی نفرتیں بھر دیں کہ آخر میں ان سے یہ کام کروائیں۔یہ لوگ تحریک انصاف کے جھنڈے لے کر اندر آئے، یہ سب انہیں کے ورکرز تھے، ان کی لیڈرشپ اور عمران خان ککردار ہے کہ وہ کیا کرتے ہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ آپ نئی جماعت بنانے جارہے ہیں؟جس کے جواب میں جہانگیر ترین نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ موقع نہیں ایسی بات کرنے کا، مذمت کرنے آیاہوں۔ صحافی نے کہا کہ عمران خان کے دوست رہے ہیں انہیں کوئی مشورہ دیں گے ان حالات سے نکلنے کیلئے؟ جہانگیر ترین نے کہا کہ میرا عمران خان سے صرف سیاسی تعلق ہی نہیں بلکہ دوستی بھی تھی، لیکن سال دو سال پہلے ختم ہو چکی ہے ان کی اپنی وجوہات ہیں، میرا عمران خان کے ساتھ تعلق ختم ہو چکاہے۔