کراچی، علی زیدی کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا

کراچی (آن لائن)پولیس نے سابق وفاقی وزیر اور رہنما پی ٹی آئی علی زیدی کی رہائشگاہ کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما علی زیدی کی رہائشگاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے، علی زیدی کو ڈیفنس میں واقع رہائشگاہ منتقل کردیا گیاہے۔سب جیل قرار دئیے جانے کے بعد علی زیدی کی رہائشگاہ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ والدہ کا گھر سب جیل ڈیکلیر کرتے ہوئے یہاں منتقل کردیا گیا ہے، مجھے اس تھانے میں رکھا گیا جو میری وزارت کا حصہ تھا۔انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفت شدید ہے اور رہے گی، مگر مخالفت کو ذاتیات میں بدل دیاگیا، عمران خان پرہرقسم کے کیس بنادیئے گئے جن کا کوئی سرپیرنہیں، پی ٹی آئی کی پوری قیادت کوجیلوں میں ڈال دیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے سانس لے رہا ہوں، مجھے جیکب آباد لے جانا تھا، میں نے کہا کہ طبیعت صحیح نہیں کراچی رکھا جائے، جس پر ہوم سیکریٹری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میری سنی، مجھے گرفتار کیوں کیا گیا اب تک نہیں معلوم۔انہوں نے مزید کہا کہ اس شہر میں ہنگامہ آرائی جو ہوئی، ہمیں پتہ ہے کہ کون کر وارہا ہے، میں اپنے لوگوں کو روکنے جا رہا تھا کہ پولیس نے اچانک اٹھا لیا۔علی زیدی نے سوال کیا کہ فرانس میں اتنا بڑا احتجاج ہوا کیا وہاں بغاوت کے مقدمات بن رہے ہیں؟۔اس سے قبل محکمہ داخلہ سندھ نے علی زیدی تیس روز کے لیے نظر بند کرتے ہوئے ان کی کسٹڈی جیکب آباد جیل سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کی تھی۔محکمہ داخلہ کا موقف تھا کہ ایم پی او تھری کے تحت علی زیدی کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے، ان پر لوگوں کو سڑکیں بلاک کرنے اور دھرنے کیلیے اکسانے کا الزام ہے۔واضح رہے کہ علی زیدی کو نو مئی کو کراچی کے علاقے کالا پل سے گرفتار کیا گیا تھا، وہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شریک تھے۔