دو چار دنوں سے عدالتوں میں عمران خان کے لئے اتوار بازار لگایا گیا ہے، شرجیل میمن

کراچی (آن لائن)وزیر اطلاعات،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دو چار دنوں سے عدالتوں میں عمران خان کے لئے اتوار بازار لگایا گیا ہے، عمران خان جو چیز مانگ رہا ہے وہ بھی اس کو مل رہی ہے اور جو چیز نہیں مانگ رہا وہ بھی اس کو دی جا رہی ہے، ایسی صورتحال میں عوام پوچھ رہے ہیں کہ ہم کیا کریں، عوام سوچ رہے ہیں کہ وہ اب کس سے انصاف کا تقاضہ کریں۔آرکائیو کمپلیکس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گزشتہ روز عدالت نے ایک شخص کو انوکھا آرڈر دیا، یہ دنیا کا واحد شخص ہے جس کو تمام قتل معاف ہیں، آئین کی دھجیاں اڑانا، پاکستان کی معیشت تباہ کرنا، ملکی سالمیت کے خلاف سازشیں کرنا، دنیا کے ہر قانونی اور غیر آئینی معاملے میں اس شخص کو معافی دی گئی ہے۔شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو بلینکیٹ بیل ملنا لمحہ فکریہ ہے، ایسی ضمانت ماضی میں کسی کو ملی ہے نہ آئندہ کسی کو ملے گی، جیسی ضمانت عمران خان کو دی گئی ہے، جس پر قانون، سماج اور ملکی آئین کو سمجھنے والا ہر شخص شرمندہ ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ہمارے لیڈروں کو ان عدالتوں کی طرف سے ماضی میں تختہ دار تک پہنچایا گیا، ہمارے کارکنان کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں، لیکن عدالتوں کی طرف سے کبھی ان کو انصاف نہیں ملا، لیکن گذشتہ روز اعلیٰ عدالتوں میں ایک شخص کے لئے شاہی دسترخوان سجایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان نے عدالمیں بیٹھ کر ایک بار پھر دھمکی دی ہے اور کہا کہ اگر دوبارہ گرفتار کیا گیا تو یہی کروں گا اور پھر ری ایکشن آئے گا۔عمران خان کی یہ دھمکی 22 کروڑ عوام کو تھی کہ اگر میں گرفتار ہوا تو دوبارہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جائے گا، ٹرینیں اور بسیں جلیں گی۔ ادارے، کاروبار بند ہو جائیں گے، بچے اسکول نہیں جا سکیں گے اور طلبہ امتحانات نہیں دے سکیں گے.