لا ہو ر (آن لا ئن)نگران حکومتِ پنجاب نے جناح ہاؤس سمیت عسکری و سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کرلیا۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں امن و امان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سیکریٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔علاوہ ازیں تمام ڈویڑنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور شرپسندوں کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں جناح ہاؤس، عسکری و سول تنصیبات میں تھوڑ پھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کیا گیا، مذکورہ جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔اجلاس میں تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ توڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی، شرپسندوں کے خلاف تمام کیس انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے،کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اور بیگناہ کو پکڑیں گے نہیں، شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ ہر شرپسند کو قانون کے کٹہرے میں لایاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس سمیت عسکری و سول املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے، شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ان شا اللہ 15 مئی کو تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے، صورتحال میں بہتری آرہی ہے، عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے بہترین کوآرڈینیشن جاری رکھیں، شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری فورس الرٹ ہے۔
Load/Hide Comments



