وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی کابینہ نے عمران خان کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے عمران خان کی مکمل سہولت کاری قرار دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھا کہ جس طرح نیب کے ایک ملزم کو ملک کی سب سے بڑی عدالت میں پرٹوکول دیا گیا وہ پوری قوم نے دیکھا، قوم انصاف چاہتی ہے سہولت کاری نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے ریاست پوری طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی،وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات کا کرتے ہوئے کہا کہ کل جو سپریم کورٹ میں ہوا وہ پوری قوم نے دیکھا، عدلیہ کا احترام کرتے ہیں لیکن جو کچھ ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے، ایک ملزم کو پروٹوکول کے ساتھ سپریم کورٹ بلایا گیا،عمران خان کیلئے سہولت کاری کی جا رہی ہے، امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جناح ہاؤس، سرکاری اور عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو گرفت میں لایا جائے گا، ریاست کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔