عمران خان کی گرفتاری کیخلاف احتجاج،تعلیمی ادارے،انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی بند

لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور میں عمران خان کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کے باعث تعلیمی ادارے، انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی بند رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امن و امان کی موجودہ صورتحال کے باعث پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کو 12 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہورمیں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے زمان پارک طرف جانے والے راستے کو ٹریفک کے لئے بندکردیا گیا۔ پی ٹی آئی کے ڈنڈابردار کارکنان زمان پارک میں موجودرہے،راستے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامناکرنا پڑا۔لاہور کے دیگر علاقوں جیل روڈ، کلمہ چوک، لبرٹی، قرطبہ چوک میں بھی مشتعل کارکنان نے احتجاج کیا،مال روڈ تا دھرمپورہ انڈرپاس تک کینال روڈ ایک طرف سے مکمل طور پر بند رہی۔راستہ بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ دوسری طرف ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مسلسل تیسرے روز بھی بند رہی،سوشل میڈیا ایپس بند ہونے کی وجہ سے دفتری امور بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ انٹرنیٹ سروس کی نگرانی کرنے والی عالمی تنظیم نیٹ بلاکس کے مطابق پاکستان کے بیشتر علاقوں میں تیسرے روز بھی انٹرنیٹ سروس میں خلل رہا اور صارفین ٹوئٹر، یو ٹیوب اور فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سروس آزادانہ طور پر استعمال نہیں کر پا رہے۔ملک میں موبائل ڈیٹا اور تھری جی فور جی سروسز متاثر رہیں۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے منگل کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد حکومت نے انٹرنیٹ سروس بند کر دی تھی۔