پی ٹی آئی سیاسی نہیں بلوائیوں کی جماعت ہے پابندی نہ لگائی تو مزید نقصان ہو گا، طلال چوہدری

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی نہیں بلوائیوں کی جماعت ہے پابندی نہ لگائی گئی تو مزید ملکی نقصان ہوگا۔جب آپ سے توشہ خان اور القادر ٹرسٹ کی چوری کا جواب مانگا گیا تو آپ نے مشتعل ہو کر پورے پاکستان کو آگ لگا دی،یہ عمران خان نہیں عمران ٹھاکرے لگ رہا ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ القادر ٹرسٹ ایک مقدس نام ہے، القادر ٹرسٹ کرپشن کا پیسہ چھپانے کیلئے بنائی گئی تھی،القادر ٹرسٹ کے نام پر آپ اپنی چوری چھپانا چاہتے ہیں، جب آپ سے توشہ خان اور القادر ٹرسٹ سے چوری کی جانیوالی رقم کی تلاشی کا کہا گیا تو آپ نے مشتعل ہو کر پورے پاکستان کو آگ لگا دی،یہ عمران خان نہیں عمران ٹھاکرے لگ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نام پر جھوٹا پرچار کیا اور لوگوں کے جذبات کو ابھارکر سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ قانون آپ پر ہاتھ ڈالے گا، آپ کے ساتھی عدالتوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں، جلاؤ گھیراؤ کے ثبوت پوری دنیا نے دیکھ لیے ہیں، سیاسی پارٹیاں ایسی نہیں ہوتیں،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلوائیوں کی جماعت ہے اس پر اگر پابندی نہ لگی تو پھر مزید ملک کا نقصان ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پی ٹی آئی کے ساتھ قانون کے مطابق ڈیل کرنا ہوگا، اس طرح کی جماعت کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ پی ٹی آئی پوری دنیا پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو پاکستا ن پر سازش کے تحت مسلط کیا انہیں آئینی و قانونی طریقے سے ہٹایا گیا جو انہیں برداشت نہیں ہوسکا،قانون بلوائیوں کیلئے اپنا راستہ بنا رہا یہ نہیں ہو سکتا عام آدمی کیلئے اور قانون اور عمران خان کیلئے کوئی اور، عمران لاڈلہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتا ہے،عمران خان نے وہ کیا جو دشمن نے بھی نہیں کیا، عمران خان کو اگر پارلمینٹ حملے میں سزادی جاتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا،سزا دینے کے بجائے ثاقب نثار نے اس شخص کو صادق و امین قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو اور کور کمانڈر کے گھروں تک پہنچنے والوں کو نہ پوچھا گیا تو مزید ملکی نقصان ہوگا، عمران خان کیلئے ایک خاص ماحول بنا گیا جس کی سزا آج قوم بھگت رہی ہے، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی نے شہدا کا مزاق بنایا، پولیس اور قانون نافذکرنیوالے ادراوں پر حملے کیئے گئے۔ شہدا کے ساتھ آپ کی کیا لڑائی ہے؟آپ نے شہداکی یادگاروں کو بھی نہیں چھوڑا۔