پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عمران جن کا پراجیکٹ تھا انہی کو اس پراجیکٹ کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ افسوس کی بات ہے کہ یہ بندہ ریاست ہی کا لاڈلہ تھا۔پچھلے 20 سالوں سے اداروں نے ہی اسکو سپورٹ کیا ہے۔ جسطرح پراجیکٹ طالبان کو لایا گیا اسی طرح پراجیکٹ عمران خان کو لایا گیا۔ آج طالبان ہی کی طرح پراجیکٹ عمران خان اس ملک کو کھا رہا ہے۔بہت ہی افسوس کی بات ہے کہ حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔ملک بھر میں تحریک انصاف کے پرتشدد مظاہروں پر ردعمل دکھاتے ہوئے صدر اے این پی خیبر پختونخوا ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ اپنی گرفتاری کو بدمزگی خود عمران نیازی نے دی ہے۔ ہماری سیاسی تاریخ ہے کہ جب بھی عدالتوں نے طلب کیا ہے ہم پیش ہوئے ہیں۔ حیدر آباد سازش کیس میں ہمارے گھرانے کی تین نسلیں باچا خان، ولی خان اور اسفندیار ولی خان جیل میں تھے۔ ایسے حالات تھے کہ کوئی وکالت کرنے کو بھی تیار نہیں تھا، ولی خان خود اپنی وکالت کرتے تھے۔ان حالات میں بھی نہ تو ہم نے ہجوم نکالے اور نہ آگ لگائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج نیب نے ایک سرٹیفائیڈ چور کو پکڑا ہے۔ بتایا جائے کہ 190 ملین پانڈ کس حیثیت میں ملک ریاض کو دیکر یونیورسٹی کیلئے زمین حاصل کی۔ یہ کھلی چوری ہے اور اسطرح کی چوری جو بھی کرے گا وہ پکڑا جائے گا۔اب بھی اس کو پکڑنے میں بہت دیر کی گئی، اس کو بہت پہلے پکڑنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے ریاست مدینہ کا نام لیکر مذہب کی بدنامی اور توہین کی ہے۔ ریاست مدینہ کا نام لیکر اس نے پرتشدد ہجوم پیدا کئے ہیں جو قابو میں نہیں رہے ہیں۔ پرتشدد مظاہروں میں جن لوگوں کی موت ہوئی ہے ان کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جنہوں نے پرتشدد ٹولوں کو باہر نکالا ہے۔ بزدل لیڈرز شیشوں میں بیٹھے ہیں اور ورکرز کو باہر لاکر ان کو مروا رہے ہیں۔ سرکاری املاک اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدر اے این پی خیبر پختونخوا ایمل ولی خان کا کہنا تھا یہ سب کچھ ہمارے لئے بھی کوئی مشکل بات نہیں لیکن ہم نے اپنے اکابرین سے آئین، قانون اور جمہوریت سیکھی ہے۔تحریک انصاف کی نہ کوئی سیاسی ساکھ اور نظریہ ہے اور نہ جمہوریت سے کوئی لینا دینا۔ یہ وہ لوگ ہیں جو آئین، دستور اور نظام کو ماننے سے انکاری ہیں۔
Load/Hide Comments



