کسی بھی خون خرابے سے بچنے کیلیے صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا گیا،رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم نے عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر اظہار برہمی کیا ہے،وفاقی کابینہ کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔اراکین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم نے سوال کیا کہ فوجی اور سرکاری املاک کی سیکیورٹی کیوں یقینی نہیں بنائی گئی۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے پرتشدد کارکنوں کو ان املاک کی طرف جانے سے روکا نہ جانا افسوسناک ہے۔وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے بھی سوالات کئے۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے بتایا کہ کسی بھی خون خرابے سے بچنے کیلیے صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی زمہ داری تھی کہ وہ ان واقعات کو روکتی۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کی گرفتاریاں جاری ہیں۔وزیاعظم نے ہدایات جاری کیں کہ جہاں جہاں حالات خراب ہیں قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کی نفری بڑھائیں۔ذرائع کے مطابق بعض اتحادیوں کی جانب سے فوجی و سرکاری املاک کی سیکیورٹی میں ناکام رہنے والوں کے خلاف کاروائی کی تجویز دی گئی۔وفاقی کابینہ نے کہا کہ امن وامان کے قیام کیلیے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے۔تحریک انصاف کی خانہ جنگی اور عوام کو فوج سے لڑانے کی سازش ناکام بنانا ہوگی۔کابینہ اجلاس میں تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے معاملے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔کابینہ ارکان کی اکثریت نے سیاسی جماعت پر پابندی کی مخالفت کی۔تحریک انصاف پر پابندی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا۔