کیا آپ سو رہے تھے جب آپ کا بھائی جلسوں میں نام لیکر بات کرتا تھا،اسد عمر کی وزیراعظم پر تنقید

کراچی(آن لائن)پاکستا ن تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب،کیا آپ سو رہے تھے جب آپ کا بھائی جلسوں میں نام لے کر بات کرتا تھا،آپ سے عمران خان کے بیانیے کا مقابلہ نہیں ہو رہا،اگر کسی افسر نے کام ٹھیک نہیں کیا تو عمران خان کا حق ہے کہ وہ تحقیقات کا مطالبہ کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ شہباز شریف اور آصف زرداری کہتے ہیں اداروں پر تنقید برداشت نہیں کی جائے گی حالانکہ ماضی میں آصف زرداری نے اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات کی تھی۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کیا آپ سو رہے تھے جب نواز شریف جلسوں میں نام لیکر بات کرتے تھے،آپ کی بھتیجی مریم نواز کیا کیا کہتی رہیں میں دہرانا بھی نہیں چاہتا۔آپ سیاسی طور پر ناکام ہو چکے ہیں،حکومت کو نظر آ رہا ہے کہ ہر جگہ قوم آئین کے ساتھ کھڑی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ عمران خان اداروں کا احترام کرنے والے شخص ہیں،اگر کسی افسر نے کام ٹھیک نہیں کیا تو عمران خان کا حق ہے کہ وہ تحقیقات کا مطالبہ کریں۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں پر مقدمات بنانے میں مصروف ہے جبکہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری میں تیز سے اضافہ ہو رہا ہے،سوال یہ ہے کہ ملک کہاں کھڑا ہے؟ ملکی معیشت ڈوبتی جا رہی ہے اور بدترین مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔