لاہور (آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی اور راسخ الٰہی نے زمان پارک میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی سمیت اہم امور اور چودھری پرویزالٰہی، ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں کیخلاف جاری غیرقانونی انتقامی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کو بتایا کہ گجرات میں ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کو اغوا کر کے نجی عقوبت خانوں میں تشدد کیا جا رہا ہے۔ عمران خان نے گجرات میں کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔ دونوں رہنماؤں نے نوے روز کی آئینی مدت گزر جانے کے باوجود پنجاب میں نگران حکومت کے وجود اور فسطائیت کی شدید مذمت کا اظہار کیا۔ ملاقات میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور چیف جسٹس سمیت معزز عدلیہ سے بھرپور اظہار یکجہتی اور چیئرمین تحریک انصاف کے اعلان کردہ جلسوں اور عوامی رابطہ تحریک کیلئے بھرپور تیاریوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔
Load/Hide Comments



