ملک چلتا ہی آئین سے ہے، آئین ختم ہونے کا مطلب ملک کا ختم ہونا ہے، عمران خان

لاہور (آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک چلتا ہی آئین سے ہے، آئین ختم ہونے کا مطلب ملک کا ختم ہونا ہے، گزشتہ روز لوگ کسی شخصیت کیلئے نہیں بلکہ آئین کی حفاظت کرنے کیلئے نکلے، چیف جسٹس سپریم کورٹ آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئین90روز میں الیکشن کا کہتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل 4 ہزار 200 مقامات پر لوگ نکلے، کبھی ملکی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کیونکہ لوگ کسی خاص شخصیت کے لیے نہیں ملکی آئین کی حفاظت کرنے نکلے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا آئین یہ طے کرتا ہے کہ ہر ادارے کا کیا کردار ہے اور ہرانسان کے بنیادی حقوق کیا ہیں، ملک چلتا ہی آئین سے ہے، آئین ختم ہونے کا مطلب ملک کا ختم ہونا ہے،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نظریہ ضرورت غلام معاشروں میں آئین کو ختم کرکے آتا ہے، انگریز نے بھی یہاں اپنے لیے الگ اور عوام کیلئے الگ قانون بنا رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئین90روز میں الیکشن کا کہتا ہے، اس لیے پی ڈی ایم حکومت کھل کر سپریم کورٹ پر حملے کررہی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آئین توڑنے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف جانے کو تیار ہیں، اس وقت ملک کے 70فیصد لوگوں کے منتخب نمائندے ایوان میں ہی موجود نہیں ہیں۔دریں اثناء چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس میں انتخابی مہم کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے حلقوں میں الیکشن مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام امیدوار انتخابی مہم تیز کر دیں، ڈور ٹو ڈور مہم، ریلیوں اور جلسوں کی تعداد میں اضافہ کیاجائے۔ عمران خان نے ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک تحریک انصاف کا بیانیہ پہنچایا جائے، امیدوار اپنے حلقوں میں پارٹی کے ناراض دھڑوں کے تحفظات دور کر کے انہیں الیکشن مہم میں شامل کریں۔اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، امتیاز شیخ، زبیر خان نیازی، ملک سرفراز کھوکھر، غلام محی الدین، ندیم بارا، ملک وقار، مہر واجد عظیم، میاں محمود الرشید، میاں اکرم عثمان، میاں عباد فاروق، ناصر سلیمان، اعظم خان نیازی سمیت دیگر نے شرکت کی۔