کراچی (آن لائن ) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کم ترین ون ڈے اننگز میں 5000 رنز مکمل کرنے والے بلے باز گئے ہیں۔ 28 سالہ بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف نیشنل کرک سٹیڈیم میں کھیلے جارہے چوتھے ون ڈے کے دوران یہ اعزاز حاصل کیا۔ بابر اعظم نے 99 میچز کی 97 اننگز میں 17 سنچریوں اور 26 نصف سنچریوں کی مدد سے اپنے 5000 ون ڈے رنز مکمل کیے۔اس سے قبل یہ اعزاز سابق جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملا کے پاس تھا جنہوں نے 101 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ لیجنڈری ویسٹ انڈیز بیٹر سر ویوین رچرڈز اور بھارت کے ویرات کوہلی 114،114 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرکے بالترتیب دوسرے اور تیسرے جبکہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 115 اننگز میں 5000 ون ڈے رنز مکمل کرکے چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔اس سے قبل بابراعظم تیز ترین 12 ہزار انٹرنیشنل رنز بنانیوالے پاکستانی بیٹر بن گئے تھے۔ انہوں نے راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی 277 ویں اننگز میں 46 گیندوں پر 49 رنز بناکر یہ سنگ میل عبور کیا، وہ یہ اعزاز پانے والے 8 ویں پاکستانی بیٹر ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ دوسرے تیز ترین ایشیائی بلے باز کے طور پر حاصل کیا۔ دنیا میں وہ اس کامیابی کو حاصل کرنے والے بیٹرز میں چھٹے نمبر پر ہیں۔ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین 12000 رنز بنانے والے بلے باز تھے۔ انہوں نے یہ سنگ میل 255 اننگز میں حاصل کیا۔ اس سے قبل بابر بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین 10,000 اور پھر 11,000 رنز بنانے والے ایشیائی کھلاڑی تھے۔ مجموعی طور پر بابر اعظم بین الاقوامی کرکٹ میں 12000 رنز بنانے والے آٹھویں پاکستانی بلے باز ہیں۔ اس سے قبل انضمام الحق (20541)، یونس خان (11790)، محمد یوسف (17134)، جاوید میانداد (16213)، سلیم ملک (12938)، سعید انور (12876) اور محمد حفیظ (12780) نے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
Load/Hide Comments



