وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مختلف سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندہ وفد کی ملاقات

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے گزشتہ روز مختلف سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں آئی ایم ایف پروگرام، مارکیٹ کی مجمعی صورت حال اور آؤٹ لک کے ساتھ ساتھ بیرونی اکاؤنٹس کی صورتحال کے حوالے سے بھی جامع بات چیت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو اسحاق ڈار سے جے پی مورگن دبئی کے عمران زیدی کی قیادت میں عالمی شہرت یافتہ سرمایہ کاری کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے گزشتہ روز فنانس ڈویڑن میں ملاقات کی۔ جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری فنانس، اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وفد نے ملک کی معاشی صورتحال اور آؤٹ لک پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے وزیر خزانہ کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام، مارکیٹ کی مجمعی صورت حال اور آؤٹ لک کے ساتھ ساتھ بیرونی اکا?نٹس کی صورتحال کے حوالے سے بھی جامع بات چیت کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ملک کے اقتصادی نقطہ نظر کے بارے میں بتایا اور کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حکومت ملکی معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان آہستہ آہستہ لیکن یقینی طور پر معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے اور یہی وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور موجودہ حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ جے پی مورگن کے عمران زیدی نے وزیر خزانہ کو کمپنی کے پروفائل اور دنیا کے مختلف ممالک کو فراہم کی جانے والی اس کی مالیاتی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت کی جانب سے مالیاتی اور معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے کیے گئے پالیسی اقدامات کو سراہا اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول پر اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کے پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لیے مثبت ارادوں کی تعریف کی۔