جون تک ڈیفالٹ کا سامنا ہے، امریکی وزیر خزانہ

واشنگٹن (آن لائن) امریکی وزیر خزانہ جینیٹ یعلین کا کہنا ہے اگر کانگریس یکم جون تک قرض حاصل کرنے کی حد میں اضافہ نہیں کرتی تو امریکہ کو ڈیفالٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور یہ معیشت کیلئے خطرات ہیں۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی پارلیمنٹ کے سپیکر کو لکھے گئے خط میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا حتمی طور پر اس تاریخ کا اعلان کرنا ممکن نہیں ہے جب امریکی حکومت اپنے بل ادا کرنے سے قاصر ہو جائے گی۔ خط میں انہوں نے لکھا کہ وزارت خزانہ ریاست اور مقامی حکومتوں کی سیکیورٹیز ادا کرنے کے قابل بھی نہیں رہے گی۔ امریکی اخباری رپورٹ کے مطابق اعلان کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے چوٹی کے ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کو کیپیٹل ہل پر اجلاس کے لئے مدعو کیا تھا تاکہ ملک کی 31.4 کھرب کی قرض لینے کی حد کو بڑھایا جا سکے۔ امریکی اخبار کے مطابق امریکی قانون ساز مہینوں سے ملک کے قرض لینے کی حد کو بڑھانے کے طریقہ کار پر مشاورت کرتے آئے ہیں مگر اب تک خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں کئے جا سکے۔