کراچی (آن لائن) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ7مئی کو ملتوی شدہ 11نشستوں پر بلدیاتی انتخابات میں ترازو کی کامیابی اہل کراچی کی فتح و کامیابی ہو گی، جماعت اسلامی کی کامیابی سے ہی اہل کراچی کے مسائل حل ہو ں گے اور شہر میں تعمیر و ترقی کا سفر شروع ہو گا، 11نشستوں میں وارڈز کی سطح پر جماعت اسلامی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوچکی ہے ان نشستوں پر چیئر مین اور وائس چیئر مین بھی ہمارے ہی کامیاب ہوں گے، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کچھ بھی کر لے ان کے جیالے میئر کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا، پیپلز پارٹی نے سرکاری مشنری اور حکومتی اختیارات کا غلط استعمال کر کے دھاندلی اور نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کی تو اس کی شدید مزاحمت کریں گے، عوام 7مئی کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں اہل خانہ کے ہمراہ گھروں سے نکلیں اور ترازو پر مہر لگاکر پیپلز پارٹی کی دھاندلی کو بھی شکست دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو کراچی ٹاؤن کی یوسی 13،یوسی 4اور لیاری ٹاؤن کی یوسی 2بہار کالونی میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں نکالی گئی موٹر سائیکل ریلی سے متعدد مقامات پر خطاب اور علاقہ مکینوں سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نیو کراچی میں نکالی گئی ریلی کا آغاز مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی سے ہوا جو رشید آباد، بلال کالونی، بارہ دری، نازیہ اسکوائر اور کالا اسکول سمیت دونوں یوسیز کے مختلف علاقوں میں گئی،ریلی کے دوران حافظ نعیم الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پُر جوش نعرے لگائے گئے، حافظ نعیم الرحمن نے ہاتھ ہلا کر شرکاء کے نعروں کا جواب دیا اور علاقہ مکینوں سے اپیل کی کہ شہر کے بہتر مستقبل اور تعمیر و ترقی کے لیے 7مئی کو ترازو کے نشان پر مہر لگائیں۔ اس موقع پر ضلع شمالی کے امیر و یوسی 13کے وائس چیئر مین کے امیدوار محمد یوسف، سیکریٹری ضلع شکیل احمد، چیئر مین کے امیدوار محمد رافع، یوسی 4کے نامزد امیدوار چیئر مین عثمان الحق، امیدوار وائس چیئر مین عثمان انصاری اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، جبکہ لیاری بہار کالونی میں امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، نامزد امیدوار چیئر مین یوسی 2جواد شعیب، امیدوار وائس چیئر مین غلام رسول لوہار واڈا اور دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے بہار کالونی میں دورے کے دوران علاقہ مکینوں اور موثر افراد سے ملاقاتیں کیں اور متعدد مقامات پر عوام سے خطاب کیا۔ لیاری پہنچنے پر حافظ نعیم الرحمن کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پیپلز پارٹی 15سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے عملاً کبھی کچھ نہیں کیا، پانی کا بڑا منصوبہ K-3نعمت اللہ خان نے اپنے دور میں مکمل کیا اور K-4کا آغاز کیا لیکن بد قسمتی سے ان کے بعد آنے والی سٹی حکومت اور سندھ حکومت نے اسے تعطل کا شکار کیا جس کی تمام تر ذمہ داری پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پر عائد ہو تی ہے کیونکہ یہ دونوں پارٹیاں حکومت کا حصہ تھیں، 18سال ہو گئے کراچی کے لیے ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں ہوا۔K-4کا منصوبہ اگر اپنے طے شدہ وقت پر مکمل ہو جاتا تو آج شہر میں پانی کی قلت اور بحران کی موجودہ صورتحال نہ ہوتی۔
Load/Hide Comments



