لاہور (آن لائن) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب محمد علی کی ہدایت پر نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے لئے صوبہ بھر میں روزانہ جنرل ہولڈ اپ کے ذریعے گاڑیوں کو چیک کیا جا رہا ہے۔ ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق بدھ کے روز شاہدرہ ناکے پرڈرائیور اور عملہ نادہندہ مسافر بس چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ڈرائیور خالی بس جنرل بس سٹینڈ پر لے جا رہا تھا۔ بس کے ذمہ 76 ہزار روپے کا ٹوکن ٹیکس واجب الادا تھا۔ بعدازاں نادہندہ بس کو تھانے میں بند کرا دیا گیا۔ ایکسائز انسپکٹر فاروق بس کو خود چلا کر تھانے لے گئے۔ ڈی جی ایکسائز محمد علی نے صوبہ بھر کے ایکسائز عملے کو ہدایت کی کہ وہ بھی انسپکٹر فاروق کی طرح فرض شناسی اور مستعدی سے کام کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ ڈی جی نے کہا کہ میں خود بھی ناکے چیک کروں گا لہٰذا تمام افسران اور سٹاف بروقت ناکہ پر پہنچیں اور پورا وقت وہاں موجود رہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پراپرٹی ٹیکس اور ہائی وے ٹیکس کی ریکوری بھی تیز کی جائے اور دیے گئے سالانہ ہدف کا حصول یقینی بنایا جائے.
Load/Hide Comments



