اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پریس کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، پی ٹی آئی کا چار سالہ دور صحافیوں کے لئے خطرناک دور تھا۔ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن منایا گیا،وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پریس کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، پاکستان کا آئین آزادی صحافت اور شہریوں کی درست اطلاع تک رسائی کے حق کی ضمانت دیتا ہے، اس دن ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہوں گی جنہوں نے سچ کی تلاش میں اپنی جانیں گنوا دیں، پاکستان میں 2018ء سے 2022ء تک صحافت ایک کٹھن دور سے گذری، پی ٹی آئی کے چار سالوں میں ملک میں ایک ایسی ”پراسرار سنسرشپ“ جاری تھی جس نے صحافیوں کو خوفزدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء میں ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 139 ویں نمبر پر تھا، پی ٹی آئی کی میڈیا دشمن پالیسیوں کے باعث پاکستان کی درجہ بندی میں 12 پوائنٹ کی مزید کمی ہوئی، وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھے شخص کو پریس فریڈم پریڈیٹر کا شرمناک خطاب دیا گیا،عمران خان نے نہ صرف صحافیوں کی آواز بند کی بلکہ ان کے قلم توڑے، انہیں اغواء کیا، صحافیوں کے پیٹ میں گولیاں ماریں، پی ٹی آئی کا چار سالہ دور صحافیوں کے لئے خطرناک دور تھا، عمران خان نے صحافت پر قدغنیں لگائیں، اس طرح قدغنیں لگانے سے دو چار دن تو اپنا موقف دیا جا سکتا ہے مگر بالآخر سچائی ماننا پڑتی ہے، سابقہ حکومت نے ریاست کی طرف سے صحافیوں کی زبان بندی کے لئے دباؤ بڑھایا، انہوں نے اپنی غلطیوں پر نظرثانی کرنے کی بجائے اپنی ناکامیوں کا غصہ صحافیوں اور صحافتی اداروں پر نکالا، آج ملک میں صحافت مکمل طور پر آزاد ہے، صحافی معاشرے کو طاقتور بناتے ہیں، کہاوت ہے کہ معلومات میں طاقت ہے اور صحافی آپ کو وہ طاقت دیتا ہے، حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات اٹھاتی رہے گی۔
Load/Hide Comments



