وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت اجلاس،حج انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد(آن لائن)وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت حج انتظامات اور معاونین کی تربیت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں حج انتظامات اور سہولیات سے متعلق تفصیلی غورو غوض کیا گیا،وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ جدہ و مدینہ ایئرپورٹس پر پاکستانی عازمین کیلئے استقبالیہ ڈیسک قائم ہونگے،شعبہ گمشدگی و بازیابی، رہنمائی، شکایات کا سیل قائم کیا جائے گا، رہائش خوراک و سفری سہولیات، نجی حج سکیم کی مانیٹرنگ کے شعبے قائم کیے جائیں گے،مکہ ومدینہ میں مرکزی ہسپتال سمیت 14 ڈسپنسریاں قائم کی جائیں گی،حج میڈیکل مشن 500 تجربہ کار افراد پر مشتمل ہے،انہوں نے کہا کہ حج میڈیکل مشن میں آرمی و سول ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف شامل ہے،میڈیکل مشن میں 180ڈاکٹرزاور 320پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہے،معاونین حج وفاقی و صوبائی سول سیکرٹریٹ ملازمین، رینجرز، پولیس، 1122 پر مشتمل ہے،مفت ادویات، ایکسرے، لیبارٹری، پاکستانی طبی عملہ 24گھنٹے دستیاب ہو گا،حج2023 کیلئے معاونین کی تربیت کا آّغاز کردیا گیا ہے،معاونین کی تربیت اور مشقوں کا اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں کیا گیا ہے،ملک بھر سے 550 بہترین معاونین حج کا انتخاب کیا گیاہے،وزارت کا 220افراد پر مشتمل عملہ و افسران بھی عازمین کی معاونت کریں گے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر معاونین سجاد یلدرم نے کہا کہ عازمین حج کی سہولت کیلئے ہر طرح کی سہولت و رہنمائی فراہم کرینگے،معاونین کو سعودی قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے،خدام کو موسم اور سفری سختیوں سے نبردآزما ہونے کی تربیت دی جا رہی ہے،عازمین حج کی آسانی کیلئے وزارت مذہبی امور تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،عازمین حج سے درخواست ہے مقاماتِ مقدسہ میں صفائی کا خاص خیال رکھیں۔