اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں صحافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے بہادر اور جرات مند افراد کی کارکردگی کو زبردست الفاظ خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں کو چیلنجوں اور خطرات میں ڈال کر اپنی پیشہ ورانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں زمہ
داریاں سر انجام دینے والے صحافیوں کی ملک و قوم کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر پرویز اشرف نے کہا کہ آزاد صحافت جمہوریت کی بالادستی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ بات فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کا میڈیا باوقار اور پیشہ ورانہ انداز میں عوام تک معلومات کی فراہمی کی اپنی ذمہ داری پوری کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ اور حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے کہ صحافی بغیر کسی خوف کے آزادانہ طور پر کام کرنے کے قابل ہوں اور عوام کے مسائل کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی معاشرے میں میڈیا ایوان اقتدار میں موجود لوگوں کو جوابدہ بنانے اور پسماندہ طبقات کو آواز کو حکومتی نمائندوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد صحافت کے بغیر جمہوریت پروان نہیں چڑھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس پیشے کو جھوٹی اور من گھڑت خبروں کے ذریعے نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں انہیں ایسے مذموم مقاصد سے باز رہنا چاہیے کیونکہ ان کے اس عمل سے قوم اور ملک کی تذلیل ہو رہی ہے جو آزادی اظہار رائے کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے میڈیا کی آزادی کی اہمیت کو برقرار رکھنے اور اس کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بغیر کسی مداخلت کے اپنا کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے ان صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے بھی اپنی حمایت کا اظہار کیا جو مشکل ماحول میں کام کرتے رہتے ہیں اور اپنی جان کو لاحق خطرات کا سامنا کرتے ہوئے میڈیا کی آزادی اور خودمختار کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔
Load/Hide Comments



