لاہور (آن لائن) معروف صنعتکار میاں طلعت محمود نے وفد کے ہمراہ یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ معاشی استحکام، آئین کی بالادستی، قانون اور عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی علامت ہے کہ ملکی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اقتصادی ٹیم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور معاشی بحران سے نمٹا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام صنعتکاروں اور تاجر برادری سے توقع رکھتی ہے کہ وہ مزدوروں کو مقررہ اجرت بروقت ادا کریں گے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لیے مستقل طور پر کھولنے کے لیے منظم منصوبہ بندی پر کام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر میاں طلعت محمود نے کہا کہ امید ہے موجودہ حکومت کا اگلا بجٹ بزنس فرینڈلی ہوگا اور تاجر برادری کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ٹیکس اصلاحات پر حکومت سے تعاون کرے گی۔ وفد میں میاں عبدالرحمن، احمد فضل اور میاں نعمان شامل تھے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، نگراں صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اوقاف و مذہبی امور سید اظفر علی ناصر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کا دن ملکی ترقی میں محنت کش طبقے کے کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووکیشنل ایجوکیشن بہت ضروری ہے اور اس کے ساتھ کارخانوں اور صنعتوں میں مزدوروں کی حفاظت کے لیے حفاظتی اصولوں کا نفاذ بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ بہت ضروری ہے اور ہنر مند لیبر کو مناسب طریقے سے تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ماضی میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم اور اینٹوں کے بھٹوں پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے۔
Load/Hide Comments



