حکومت اور پی ٹی آئی کے الیکشن مذاکرات 70 فیصد کامیاب ہوچکے ہیں،فواد چودھری

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے الیکشن مذاکرات 70فیصد کامیاب ہوچکے ہیں، اب ایشو الیکشن کی تاریخ کا ہے،صوبوں کے الیکشن آگے کرنے کیلئے آئینی ترمیم کرنا پڑے گی، مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو سڑکوں پر نکلیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں فی الحال نہیں پتا کہ حکومت بجٹ عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط کے مطابق دے رہے ہیں یا الیکشن کا بجٹ دے رہے ہیں، الیکشن کا بجٹ دیں گے تو پاکستان کی مصیبتوں میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے الیکشن سے متعلق مذاکرات 70فیصد کامیاب ہوچکے ہیں، اس میں بنیادی اصول کہ ایک ہی وقت میں الیکشن کرانے پر اتفاق ہوچکا ہے، اب تاریخ کا ایشو ہے، حکومت چاہتی بجٹ کے بعد جبکہ پی ٹی آئی چاہتی کہ بجٹ سے پہلے الیکشن کی تاریخ طے ہو،یہ معاملہ پاکستان کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے،صوبوں کے الیکشن آگے کرنے کیلئے آئینی ترمیم کرنا پڑے گی، پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے الیکشن کو آگے لے جانے کیلئے ترمیم کرنی ہوگی۔پرویزالٰہی کی گرفتاری کے چھاپے کا معاملہ ہوا تو ہم پر پریشر تھا کہ مذاکرات ختم کردیں۔ لیکن پھر بھی عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق مذاکرات کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے تو پھر سڑکوں پر نکلیں گے، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہوگا۔