بابر اعظم تیز ترین 12 ہزاررنز بنانے والے ایشیا کے دوسرے پلیئر بن گئے

راولپنڈی (آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزاررنز مکمل کرنے والے ایشیا کے دوسرپلیئر بن گئے، انہوں نے یہ سنگ میل گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں حاصل کیا، پہلے نمبر پر بھارت کے ویرات کوہلی ہیں، انہوں نے 276 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا، 28 سالہ بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 277 اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کئے، وہ اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 3696، ون ڈے کرکٹ میں 4862 اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں 3485 رنز بنا چکے ہیں، بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرنے دنیا کے چھٹے، ایشیا کے دوسرے اور پاکستان کے پہلے بیٹر ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سر ویون رچرڈز کے پاس ہے، انہوں نے 255 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا، یاد رہے کہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے کا اعزاز انضمام الحق کے پاس ہے، انہوں نے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 20541 رنز بنائے ہیں۔