اسلا م آبا د (آن لا ئن) ملک میں انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر حکومت اور پاکستان تحریک انصا ف کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا ،جس میں کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا تاہم فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے اور آج دوبارہ بیٹھنے پر اتفاق کیا ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یہ طے ہے کہ آئین میں رہ کر معاملات کو حل کرنا ہے،جبکہ شاہ محمود قریشی کا کہناتھا ہم سیاسی مسائل کا حل بات چیت سے نکالنے پر یقین رکھتے، حکومتی مذاکراتی ٹیم نے اپنے اتحادیوں سے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔تفصیل کے مطابق جمعرات کی شام پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر تین میں حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی دو گھنٹے طویل بیٹھک ہوئی، جس میں الیکشن کے حوالے سے بات چیت اور معاملات طے کرنے پر گفتگو ہوئی۔ عمران خان کی جانب سے تشکیل دی گئی پی ٹی آ ئی کی تین رکنی مذاکراتی کمیٹی شاہ محمد قریشی کی سربراہی میں حکومت سے مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی۔ پی ٹی آئی کی کمیٹی میں فواد چوہدری اور سینیٹر علی ظفر بھی شامل تھے۔ حکومتی کمیٹی میں پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، نوید قمر، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ، لیگی رہنما ایاز صادق اور ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی کشورہ زہرہ شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی سات رکنی کمیٹی میں جمعیت علما اسلام کا کوئی نمائندہ شریک نہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق مذاکرات کیے گئے، جس میں حکومت اور پی ٹی آئی عام انتخابات سے متعلق اپنی اپنی تجاویز رکھیں۔۔ پی ٹی آئی کے نائب چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج مذاکرات کی پہلی نشست ہوئی جو 2گھنٹے جاری رہی،ہم سیاسی مسائل کا حل بات چیت سے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جو بھی حل تجویز کریں گے وہ آئین کے مطابق ہو گا،پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ ملک کو اس ہیجانی کیفیت سے نکالا جائے، جمعہ کو دوسری نشست3 بجے اسی مقام پر ہے،حکومتی مذاکراتی ٹیم نے اپنے اتحادیوں سے مشاورت کا وقت مانگا ہے،دوسری جانب مذاکرات کے بعد بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ طے ہے کہ آئین میں رہ کر معاملات کو حل کرنا ہے، آج (جمعہ کو) 3 بجے ہماری اگلی نشست ہوگی,انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قیادت اور وہ اپنی لیڈرشپ سے بات کریں گے، جو بھی ڈیمانڈ ہے پی ٹی آئی سامنے رکھے گی،ہم تمام پارٹیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ہم ریاست اور عوام کے مفاد کو مدنظر رکھنا ہے،۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی ٹی آ ئی جمعہ کو اپنے مطالبات حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے رکھے گی، آج بہت اچھے ماحول میں بات ہوئی اور امید ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کوئی بھی ڈیمانڈ نہیں کی گئی، پی ٹی آئی کے مطالبات پر اپنی اپنی قیادت کے سامنے رکھیں گے اور پھر مشاورت کے بعد اپنا فیصلہ کریں گے۔بات چیت چل رہی ہے، حل سیاستدانوں نے نکالنا ہے۔مذاکرات کے دوران صحافی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ سے سوال کیا کہ ’مذاکرات سے کافی پریشان لگ رہے ہیں‘۔ اس پر اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ صرف آپکو پریشان لگ رہا ہوں گا باقی کسی اور کو نہیں۔اسحاق ڈار کے صحافی کو دیے گئے جواب پر وزیر قانون اور صحافیوں کے قہقے بھی بلند ہوئے۔
Load/Hide Comments



