اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک کا آزادکشمیر ارکان اسمبلی کے نام مبینہ آڈیو پیغام سامنے آگیا ہے،پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کبھی یہ فیصلہ نہیں تھا کہ پی ڈی ایم کے ساتھ مکمل اتحاد کریں۔پرویز خٹک مبینہ آڈیو میں آزادکشمیر کے اراکین اسمبلی کو ہدایات دے رہے ہیں کہ اگر ہم نے حکومت بنانی ہے کوئی گروپ آتا ہے تو اس کے ساتھ بنائیں گے۔کبھی بھی یہ فیصلہ نہیں ہوا تھا پوری کی پوری پارٹی ساتھ ملا کر ان سے ایگریمنٹ کیا جائے۔پرویز خٹک نے کہا اگر سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا الیکشن ہوتا ہے ہم نے بالکل پیپلز پارٹی یا کسی کو ووٹ نہیں دینا،چاہے اپوزیشن میں رہیں لیکن ہم نے اپنا امیدوار کھڑا کرنا ہے اور اسے سپورٹ کرنا ہے۔یاد رہے کہ پاور شیئرنگ فارمولے کے تحت تحریک انصاف آزاد کشمیر فارورڈ بلاک کے چوہدری انوارالحق وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں جبکہ سپیکر پیپلزپارٹی کا اور سینئر وزیر مسلم لیگ ن سے ہوگا۔ 16 رکنی کابینہ میں فارورڈ بلاک کے 6،پیپلزپارٹی کے چھ اور مسلم لیگ ن کے چار وزراء ہوں گے۔خیال رہے کہ کافی دنوں کے انتظار کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا اعلان کیا گیا۔
Load/Hide Comments



