لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے فیڈریشن آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف پاکستان کی جانب سے پنجاب کی این جی اوز کی سماجی خدمات کے اعتراف کے لیے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے اور تجارت اور صنعت کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات قابل ستائش ہے کہ کاروباری برادری کاروبار کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ٹیکس دہندگان کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ایف ٹی او کا مشن ٹیکس دہندگان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی جانب سے غربت کے خاتمے اور غریبوں کو صحت، صاف پانی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کرنے والی این جی اوز کی تعریف اور حوصلہ افزائی ایک اچھا اقدام ہے اور یہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی بہبود اور ترقی میں سوشل ویلفیئر این جی اوز کا کردار نمایاں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ این جی اوز کو روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ نئے پروگرامز پر بھی کام کرنا چاہئے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ کورونا وبا اور حالیہ سیلاب کے دوران جس طرح تاجروں نے اربوں روپے کے عطیات دیئے اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کی وہ لائق تحسین ہے۔ یہ ملک کا روشن چہرہ ہے جسے دکھانے کی ضرورت ہے۔ مثبت رویوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی صنعت و تجارت کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے تاہم یہ مسائل جلد حل ہو جائیں گے، ان شاء اللہ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے اور ملک کے معاشی نظام کو درست طریقے سے ترقی اور چلانے کے لیے کوشاں ہے۔
Load/Hide Comments



