اسلام آباد (آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ایس سی او اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شرکت کریں گے،وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ آئندہ ماہ بھارت کے شہر گووا جائیں گے،دورے کے دوران مختلف ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت جموں و کشمیر تنازعہ کا منصفانہ، پرامن حل چاہتے ہیں۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر نے 13 اپریل کو سمرقند، ازبکستان کا دورہ کیا،وزیر مملکت نے سمرقند میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے چوتھے وزارتی اجلاس میں شرکت کی،افغان عوام کی ہنگامی انسانی امداد، افغانستان میں دیرپا امن و استحکام، زیادہ سیاسی شمولیت پر زور دیا۔وزیر مملکت نے افغانستان پر چہار فریقی گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کی،وزیر مملکت نے باہمی منسلک روابط کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو علاقائی ترقی کا زینہ قرار دیتے ہوئے عبوری افغان حکومت کے ساتھ عملی اور تعمیری روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی کابل پہنچ چکے، ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ناظم الامور کی کابل واپسی، افغان حکومت کے ساتھ طویل مذاکرات اور مشاورت کے بعد ممکن ہوئی،سفیر نظامانی اور ان کی ٹیم کو ہماری نیک تمنائیں اور بھرپور تعاون حاصل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سے دیرینہ وابستگی کے باعث اجلاسوں میں شرکت کرتا ہے تنظیم کا موسمیاتی تحفظ بارے چوتھا وزارتی اجلاس نئی دہلی میں آن لائن انداز میں منعقد ہوا،اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کی۔پاکستان نے ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی تغیر سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر مشترکہ انداز میں کام پر زور دیا،شنگھائی تعاون تنظیم کا ہنگامی حالات کی روک تھام، تدارک کے لیے ادارہ جاتی اجلاس بھی منعقد ہوااجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سلیم شہزاد ملک نے کی۔
Load/Hide Comments



