لندن پلان کے تحت میرے قریبی ساتھیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے: عمران خان

لاہور(آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب علی امین کو اغوا کیا گیا تو ڈی پی او نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیشن جج کو بتایا کہ وہ توہین عدالت کا چارج لیں گے لیکن “اوپر سے” احکامات آنے پر علی امین کو اپنی تحویل میں لینا پڑا۔ آج میرے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔عمران خان نے کہا یہ سب لندن پلان کا حصہ ہے جہاں نواز شریف کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، لہٰذا اب میرے قریبی لوگوں کو، میری قیادت کے ساتھ، آئین اور قانون کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان بھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے، اغوا کیا جا رہا ہے، تشدد کیا جا رہا ہے اور شرمناک مقدمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔