لاہور(آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کا ریکارڈ اب تک منظر عام پر نہیں لایا گیا،حکومتی وزرا نے جو تحائف لیے ان کا ریکارڈ بھی پیش نہیں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے فنڈز جاری کرنے سے متعلق حکم پر وزیراعظم اور کابینہ نے عمل نہیں کیا،اب الیکشن ہوں گے یا پھر وزیراعظم اور کابینہ گھر جائیں گے۔عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر وزیراعظم اور کابینہ ارکان نا اہل ہوں گے،سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ وفاق فنڈز جاری کرے۔ سپریم کورٹ نے دوسرا حکم یہ تھا کہ آئی جی پنجاب اور سیکرٹری سکیورٹی پلان دیں،اگر سکیورٹی پلان نہ دیا تو ان کیخلاف کارروائی ہو گی۔انہوں نے عمران خان حملہ کیس سے متعلق کہا کہ ایف آئی آر پر جے آئی ٹی کو غیر قانونی طور پر بنایا گیا،پی ٹی آئی والے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی طرح نہیں ہیں جو کہیں قانون کو نہیں مانتے،آج بھی سپریم کورٹ کے باہر وکلا جمع ہوئے،کل یہ تعدا بڑھ جائے گی اور ایک ہفتے میں وکلا تحریک شروع ہو جائے گی۔قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کی نمائندگی مزید کم کرنے میں گھناونا کردار ادا کیا ہے۔ 95 فیصد مردم شماری مکمل ہونے کے بعد جس پر45 ارب روپے لگ گئے،سندھ اور خصوصا کراچی کی آبادی میں نمایاں کمی دکھا دی گئی،اس کے نتیجیمیں کراچی دو قومی نشستوں سے محروم ہو سکتا ہے، فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کراچی کے لوگ ان جماعتوں کا احتساب کریں گے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری جاری ہے جس کے اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں۔ڈائریکٹر ادارہ شماریات منور علی گھانگرو کے مطابق سندھ میں اب تک 98 فیصد مردم شماری ہوچکی ہے، کراچی اور حیدرآباد میں مردم شماری 95 فیصد تک مکمل ہوچکی ہے۔
Load/Hide Comments



