سعودی عر ب،ایران تعلقات استوار کرنے میں چین نے بہت کلیدی کردار ادا کیا،صادق سنجرانی

ا سلام آباد (آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خطے میں قیام امن کے کیلئے چین کی کاوشوں کو سراہا تے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عر ب اورایران کے درمیان بہتر تعلقات استوار کرنے میں چین نے بہت کلیدی کردار ادا کیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ چینی سفارتخانے کے تین رکنی وفد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چن زوئے، پولیٹیکل کونسلرباؤژونگ اور تھرڈ سیکریٹری مس ڈونگ وِنلی شامل تھے۔چیئرمین سینیٹ نے تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے پر صدر شی جن پنگ، چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔چیئرمین سینیٹ نے خطے میں امن کے قیام کیلئے چین کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عر ب اورایران کے درمیان بہتر تعلقات استوار کرنے میں چین نے بہت کلیدی کردار ادا کیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ”اسٹریٹجک تعاون شراکت داری“ پاک – چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔دونوں ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے اورہر پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان،”پاک -چین اقتصادی راہداری“ منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کئے ہیں۔سی پیک کی تکمیل سے پورا خطہ ترقی کرے گا اورپاک -چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے۔پاکستان چین کا قریبی دوست ہے۔ چینی ناظم الامور نے کہا کہ چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔