پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ آئین پاکستان پر عملدرآمد ہے، اسفندیارولی

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدراسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ آئین پاکستان پر عملدرآمد ہے۔ 1973 کے متفقہ آئین میں اس وقت کے اپوزیشن لیڈر خان عبدالولی خان کا کردار تاریخ میں یاد رکھا جائیگا۔بطور اپوزیشن لیڈر ولی خان نے چھوٹی قومیتوں کی جنگ لڑی اور انکے حقوق منوائے۔ آئین پاکستان کی 50ویں سالگرہ پر اپنے خصوصی پیغام میں اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ 1973 کا دور پاکستان کیلئے مشکل ترین دور تھا،اپوزیشن کے کردار کی وجہ سے متفقہ آئین ممکن ہوسکا۔آج ہر اس شخص کو خراج تحسین پیش کرجنہوں نے 1973 کے آئین میں اپنا کردار ادا کیا۔میرغوث بخش بزنجو، امیرزادہ خان سمیت کمیٹی کے اراکین نے دن رات محنت کی اور متفقہ آئین دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے آئین پاکستان بنانے اور منظور کروانے والوں کو بعد میں غدار بھی قرار دیا گیا، ان کی جماعت پر پابندیاں لگیں۔غہرجمہوری رویے، آئین کی خلاف ورزی اور پارلیمنٹ کو کمزور کرنیکی سازش کرنیوالے موجودہ حالات کے ذمہ دار ہیں۔اس ملک کی بدقسمتی یہ بھی ہے کہ 50 سال کے دوران دو دہائیاں اس ملک میں آئین معطل رہا۔آئین شکنوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی بلکہ کچھ سیاسی جماعتوں نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ اسفندیارولی خان کا مزید کہناتھا کہ جب تک آئین اور پارلیمنٹ کو بالادست نہیں رکھا جائیگا، ملک میں جمہوری اقدار کمزور ہوتے رہیں گے۔آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ اس کتاب کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائیگا۔