اسرائیلی فورسز کا مسجد اقصی پر ایک بار پھر دھاوا، غزہ پر راکٹ حملہ، 350 فلسطینی گرفتار

بیت المقدس (آن لائن)مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز نے حملہ کر کے 350 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پولیس نے ایک بار پھر مسجدِ اقصیٰ کا تقدس پامال کرتے ہوئے مسجد میں گھسنے کے بعد غزہ میں راکٹ حملہ کیا ہے۔اسرائیلی پولیس کے مسجدِ اقصیٰ میں گھسنے کی خبر سنتے ہی سیکڑوں فلسطینی مسجدِ اقصیٰ پہنچ گئے جنہوں نے وہاں شدید احتجاج کیا۔اسرائیلی پولیس نے طلوعِ آفتاب سے پہلے مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں نمازیوں پر حملہ کیا اور نمازیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، نہتے نمازیوں پر گرینیڈ پھینکے۔اسرائیلی پولیس نے خواتین سمیت 350 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔اسرائیلی فورسز نے مسجدِ اقصیٰ میں گھسنے کے بعد غزہ میں راکٹ حملہ کیا ہے، حماس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں اسرائیل نے غزہ میں دو تربیتی مراکز اور مہاجرکیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی پولیس کا دعویٰ ہے کہ انہوں یہ اقدام ڈنڈے اور پتھر اٹھائے مشتعل افراد کے کمپاونڈ میں داخل ہونے پر کیا۔