عمران خان نے مریم نواز کو پی ٹی آئی کی 12ویں کھلاڑی قراردے دیا،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان نے مریم نواز کو پی ٹی آئی کی 12ویں کھلاڑی قراردے رکھا ہے، عمران خان کا کہنا کہ پی ٹی آئی پرجب بھی مشکل ہوتی ہے تو مریم آسانی پیدا کردیتی ہیں، مریم نواز عدلیہ فیصلے پرٹویٹ کرکے اپنی ہی جماعت کے پاؤں پر کلہاڑی مار رہی ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی استحکام اور سیاسی استحکام چاہیئے، دہشتگردی کو سر اٹھانے سے روکنا ہوگا،یہ پاکستان کی ضروریات ہیں، اس کیلئے سیاسی استحکام چاہئے ہوگا، سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا، الیکشن کمیشن نے شیڈول دیا اور بعد میں آٹھ اکتوبر کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔جس کو سپریم کورٹ نے غیرقانونی اور کالعدم قرار دیا ہے، اور نئی تاریخ دے دی ہے، الیکشن کمیشن کا مسئلہ سکیورٹی اور فنڈز کا تھا، اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کروا دیں، مجھے پتا چلا کہ محسن نقوی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں، یہ بہت اچھی بات ہے۔ الیکشن کرانا آئینی بندش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14مئی کو الیکشن کا اعلان ہوگیایہی آئینی تقاضا ہے، آئینی تقاضے پر عمل کیلئے سپریم کورٹ اور ہم بھی پابند ہیں، سیاسی جماعتیں مل کر طے کرلیں کہ الیکشن صاف اور شفاف کیسے ہوں گے؟ 2 اسمبلیوں کے الیکشن کیلئے ضابطہ طے کریں باقی تین کیلئے گفتگوشروع کی جائے۔ انہوں نے کہا ک حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرے گی تو آئین شکن ہوگی، شہبازشریف کا حال یوسف رضا گیلانی والا ہوگا۔