لاہور(آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔لاہور کے علاقے ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، اور اطراف میں ہلکی بارش ہوئی ہے، کاہنہ، گجومتہ، نشتر کالونی اور اطراف میں بھی رات گئے سے بارش نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا ہے، گلبرگ، اچھرہ، وحدت روڈ اور اطراف میں بھی ہلکی بارش سے سردی واپس آ گئی ہے۔ادھر موسم کا احوال بتانے والوں نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کردی ہے، آج لاہور سمیت صوبہ بھر میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، گزشتہ شب سے مغربی ہواوں کے داخل ہونے کے باعث خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے۔دوسری جانب شدید بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تیز ہواوں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں بالخصوص گندم کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ادھر پنجاب کے دیگر شہروں اوکاڑہ، رینالہ خورد اور حجرہ شاہ مقیم میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔مختلف علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ شدید بارش سے نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چترال، بونیر، سوات، ایبٹ آباد، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بیشتر مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے صوبے کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی ہے، اب تک پشاور میں 3، بونیر میں 11، تیمرگرہ میں 10، چترال میں 6 اور کلام میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
Load/Hide Comments



