حکمرانوں کو آئین سے انحراف کر کے انتخابی عمل سبوتاژکرنے کے خلاف آئینی قانونی اورسیاسی محاذ پر جدوجہد کریں گے، عمران خان

لاہور (آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے انتخابات کی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی الیکشن سیل قائم کردیا۔ ہمایوں اختر خان کو پی ٹی آئی الیکشن سیل کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کے الیکشن سیل میں اعجاز چودھری، ریاض فتیانہ، رائے عزیز اللہ بطور ممبر کام کریں گے، پارٹی الیکشن سیل انتخابات کے حوالے سے تکنیکی امور کو دیکھے گا، ووٹر لسٹوں، بلاک کوڈز اوردیگر تکنیکی معاملات پر امیدواروں کی معاونت بھی کرے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن سیل بھرپور اندازسے انتخابی امور سے پارٹی قیادت اور امیدواروں کو آگاہ رکھے گا، آئین کے مطابق انتخابات ہو کر رہیں گے۔سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو اس سے بھاگنے نہیں دیں گے، حکمرانوں کو آئین سے انحراف کر کے انتخابی عمل سبوتاژکرنے کے خلاف آئینی قانونی اورسیاسی محاذ پر جدوجہد کریں گے.