یوم پاکستان کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ،گورنرسندھ کی مزار قائد پر حاضری

کراچی (آن لائن)کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی۔مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مشکلات ہیں لیکن ان شا اللہ مل کر ان مشکلات پرقابو پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت یکجا رہنے کی ضرورت ہے، ایک بار پھر دہشتگرد کوشش کررہے ہیں کہ اس ملک کو مشکل میں ڈالیں، ہماری حکومت، پولیس، رینجرز، فوج اور انٹیلی جنس مل کر کام کررہے ہیں، دو مذہبی شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی تفتیش کو خود دیکھ رہا ہوں۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ 75سال ہوگئے ہیں ہم عقیدت کے ساتھ اس دن کو مناتے ہیں، قائداعظم نے ہمیں سوچ دی کہ ہم پاکستان میں رہنے والوں کی خدمت کریں، قائد کے فرمان اور سوچ کو اپنالیں تو معیشت کو دوبارہ اوپر لے جاسکتے ہیں، ہم اس عزم کو لیکر نکلیں کہ ہمیں پاکستان کو مضبوط کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ چیزوں میں عدم استحکام ہے، معیشت میں عدم استحکام ہے، ہمیں ملک کی چاروں اکائیوں کو مضبوط کرنا ہے۔