جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کی سازش کی گئی، موت کا جال کیسے بچھایا گیا جلد قوم کو بتاؤں گا: عمران خان

لاہور(آن لائن) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو جلد بتاؤں گا جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے قتل کرنے کی سازش کیسے ہوئی،موت کا جال کیسے بچھایا گیا۔ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں عمران خان نے جوڈیشل کمپلیکس میں اپنی پیشی کے موقع پر انہیں قتل کرنے کی سازش کے حوالے سے انکشاف کیاہے۔ عمران خان نے کہا کہ جلد بتاؤں گا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں انہیں قتل کرنے کی سازش کیسے ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے کیسے بچایا۔ جلد ہی بے نقاب کروں گا کہ میں موت کے جال میں کیسے پھنس گیا اور جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے قتل کرنے کی سازش کیسے ہوئی؟یہ بھی بتاؤں گا کس طرح اللہ تعالیٰ نے مجھے وقت آنے پر بچایا۔عمران خان نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں پولیس آپریشن اور متعدد رہنما وکارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف عدالتوں سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں سے رجوع کرنے کا اعلان کیا۔ دریں اثناء عمران خان نے کارکنوں کی گرفتاری پر عالمی تنظیموں سے رجوع کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ہمارے کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا، عدالتوں کے ساتھ انسانی حقوق کی تنظیموں سے رجوع کریں گے۔عمران خان نے بیرون ملک پی ٹی آئی تنظیموں کو مقامی منتخب سیاستدانوں سے رابطہ کرنے کا کہا،ان کا کہنا تھا کہ اپنی اپنی حکومتوں کو پاکستان میں جاری فاشزم سے آگاہ کریں۔