مجھے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ الیکشن میں حصہ نہ لے سکوں، عمران خان

لاہور (آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ الیکشن میں حصہ نہ لے سکوں کیونکہ یہ جانتے ہیں الیکشن میں انہیں بری طرح شکست ہوگی۔ فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا یقیناً میں 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گا۔زمان پارک آپریشن کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے گھر کو میدان جنگ بنا دیا گیا، پاکستان میں پہلے کبھی کسی سیاسی رہنما پر ایسا حملہ نہیں ہوا۔سابق وزیراعظم نے بتایا کہ میرے خلاف دہشت گردی، قتل سمیت 85 مقدمات ہیں، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں الیکشن میں حصہ نہیں لوں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ الیکشن میں انہیں بری طرح شکست ہوگی، مجھے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ الیکشن میں حصہ نہ لے سکوں۔عمران خان نے بتایا کہ میرے کارکن میری گرفتاری سے لڑ رہے ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے جیل گیا تو ان لوگوں کے ہاتھ لگ جاؤں گا، مجھے مارنے کی کوشش ہوگی۔موجودہ حکومت پر کیسز سے متعلق پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثنااللہ دونوں کیخلاف ماورائے عدالت قتل اور کرپشن کیسزکی تاریخ ہے، میں اس لیے منتخب ہوا کہ یہ لوگ 30 سال سے اقتدار میں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت 60 فیصد کابینہ کرپشن الزامات میں ضمانت پر ہے، قانون کی حکمرانی کے بارے میں بات کرنا ان کی طرف سے عجیب ہے، میں نے کبھی قانون نہیں توڑا۔