زمان پارک میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بدستور جاری

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف عدالتی احکامات کی روشنی میں کارروائی کو 24گھنٹوں سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود پولیس اور رینجرز کے دستے عمران خان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، دوسرے روز بھی زمان پارک کے گرد و نواح کے علاقوں میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں،کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ اور پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ سمیت ربڑ کی گولیوں کے استعمال کا سلسلہ جاری رہا،جس کے نتیجہ میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے پل نہر مال روڈ پر شدید مزاحمت کرتے ہوئے پولیس وین کو آگ لگا دی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ٹریفک سیکٹر آفس لاہور ٹریفک پولیس کے دفترپر تیل چھڑک کر نذر آتش کر دیا اور دفتر کے باہر موجود پولیس کی موٹرسائیکل سمیت عام پبلک کی پانچ موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگا دی جس سے لاہور ٹریفک پولیس کے سیکٹر آفس کا فرنیچر،کمپیوٹر سسٹم اور تمام ریکارڈ جل کر خاکستر ہو گیا،دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان ہاتھوں میں پکڑی غلیلوں سے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤں کرتے رہے جس پر پولیس حکام کو مزید نفری طلب کرنا پڑی،پولیس حکام کو زمان پارک میں موجود پولیس اہلکاروں کو آنسوگیس کے مزید شیل فراہم کرنا پڑے، پولیس اور پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا کبھی پولیس اور کبھی پی ٹی آئی کے کارکنان ایک دوسرے کو پسپا کرتے دکھائی دیئے۔