عمران خان کی حفاظت کیلیے فکر مند ہوں، صدر عارف علوی

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت عارف علوی نے عمران خان کی گرفتاری کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حفاظت کیلئے فکر مندہوں۔لاہور میں زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے د رمیان ہونے والے تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں صدر مملکت نے لکھا کہ ’آج کے واقعات پر مجھے دکھ ہوا، یہ معاملات اچھے اور انتقامی سیاست کی غمازی کرتے ہیں‘۔صدر عارف علوی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں اور ملکی معیشت بھی ٹھیک نہیں لہذا حکومت کو ان معاملات کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ صدر مملکت نے سوال کیا کہ ’کیا ہم سیاسی منظر نامے کو تباہ کررہے ہیں‘۔ انہوں نے عمران خان کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ دیگر سیاست دانوں کی طرح عمران خان کی حفاظت، عزت اور وقار کے لیے بھی اسی طرح فکر مند ہیں۔