15 دن یا2 ماہ میں وطنی واپسی! نواز شریف نے سرپرائز کا اعلان کر دیا

اسلا م آباد (آن لائن)مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنماؤں کے وڈیو لنک اجلاس کے دوران نواز شریف نے اپنی وطن واپسی بارے سرپرائز دینے کا اعلان کردیا اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مریم نواز کے ہاتھ مضبوط کریں، 30 اپریل کے انتخابات کیلئے بھی بھرپور تیاری کریں،ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کے روزویڈیو لنک کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں عام انتخابات سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف،مریم نواز،حمزہ شہباز،سعد رفیق۔پرویز رشید،رانا ثناء اللہ،خواجہ آصف و دیگر نے شرکت کی،نواز شریف نے اجلاس کے دوران اپنی وطن واپسی بارے سرپرائز کا اعلان کردیااور کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکن تیاری رکھیں 15 دن میں بھی اسکتا ہوں اور دو ماہ میں بھی،سب جانتا ہوں مجھے وطن واپسی پر کن حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،نواز شریف نے کہا کہ ضروری ہوگیا کہ قوم کو عمران خان جیسے فتنے سے نجات دلاؤں،مریم نواز کی انتخابی مہم میں سب رہنما مدد اور تعاون کریں،حمزہ شہباز بھی جلد پاکستان پہنچ جائیں گے،عام انتخابات تیس اپریل کو ہوں یا اکتوبر میں تیاری مکمل رکھیں،نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے ٹکٹس پارٹی وفاداروں اور اپنے حلقوں میں مضبوط امیدوار وں کو ملیں گے،عمرانی دور کی تمام بے قاعدگیاں اور غلط فیصلے عوام کے سامنے رکھیں،اب وقت آگیا ہے کہ جیسے کو تیسا،مریم نواز عمران نیازی اور ان کے سہولت کاروں کو بھرپور جواب دے رہی ہیں۔