مسلم لیگ (ن) الیکشن سے بھاگنے والی جماعت نہیں ، پہلے فیصلہ ہوگا پھر الیکشن ہو گا، مریم نواز

شیخوپورہ (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے بھاگنے والی جماعت نہیں ، پہلے فیصلہ ہوگا پھر الیکشن ہو گا، ن لیگ والوں کو 6 ماہ تک کوئی ضمانت نہیں ملتی تھی، عمران خان مکافات عمل کا شکار ہے، ثاقب نثار نے 22 کروڑ عوام کی قسمت بدعنوان، نالائق، نااہل عمران خان کے حوالے کی، نوازشریف کے خلاف سازش کرنے والوں کو صرف رسوائی ملی ہے، سازش کا بہت بڑا کردار ثاقب نثار اپنے منہ سے بول اٹھا، خود کو بابا رحمت سمجھنے والا پاکستان کیلئے بابا زحمت ثابت ہوا، ثاقب نثار پورا سچ نہیں بول رہا، نام بتائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مریم نواز نے کہا کہ آپ سب کو نواز شریف کا سلام، نواز شریف نے کہا تھا اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتا ہوں، کوئی رہ تو نہیں گیا جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی اور ذلت مقدر نہ بنی ہو، سازشیوں نے اعتراف کیا نواز شریف کیساتھ زیادتی ہوئی، جو رہ گیا ہے منہ سے خود بولے گا، ہر کوئی سچ بولے گا نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ڈیم والا بابا پاکستان کیلئے بابا زحمت ثابت ہوا، ڈیم والے بابے نے کسی کی خواہش پر یا آئین کے مطابق انصاف کرنا تھا، بابا بولے گا کچھ لوگ کون تھے، یہ وہی کچھ لوگ تھے جو شوکت صدیقی کے گھر گئے تھے، ڈیم والا بابا قوم کو بتائے جنرل (ر) فیض حمید تھا، ڈیم والا بابا ابھی بھی پورا سچ نہیں بول رہا ہے، قوم کو بتاؤ کس طرح نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر میدان سے اٹھا کر باہر پھینکا، میرے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا مجھے 10سال کیلئے نااہل کیا گیا، ڈیم والے بابا نے چن چن کر (ن) لیگیوں کو نااہل کیا، کرسی پر بیٹھ کر فرعون بنا ہوا تھا، ثاقب نثار کہتا ہے مرنے کے بعد کتاب شائع کروں گا، اس وقت موت یاد نہیں تھی جب بے گناہ شخص کو سزا دی، اس وقت موت یاد نہیں تھی جب تم نے تحریک انصاف کی کمپین چلائی۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ جس نے سچ بولنا ہوتا ہے مرنے کا انتظار نہیں کرتا، مرنے کا انتظار وہ شخص کرتا ہے جو کالے کرتوں کا سامنا نہیں کرنا چاہتا، لطیفہ سنو کہتا ہے میرا وٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے، اب پتا ہے پول کھلنے والے ہیں، بدنام زمانہ جے آئی ٹی جب بنی تھی تب وٹس ایپ ہیک نہیں ہوا، تمہارے فیصلوں سے غریب کا مستقبل ہیک ہو گیا،پاکستان کی ترقی ہیک ہو گئی.