لاہور (آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چودھری پرویزالٰہی کو پارٹی کا مرکزی صدر بنادیا۔ اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آج شب برات ہے، اللہ تعالیٰ اس میں آئندہ سال کیلئے خصوصی فیصلے فرماتا ہے، اس رات میں جو دعا کی جائے قبول ہوتی ہے، ایسی گھڑی میں فواد چودھری یہ بابرکت فیصلہ لے کر آئے ہیں میں عمران خان کے ساتھ ساتھ ان کا بھی شکرگزار ہوں۔ عمران خان کی خصوصی ہدایت پر چودھری پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی مرکزی رہنما فواد چودھری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور نوٹیفکیشن کی کاپی چودھری پرویزالٰہی کو پیش کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جو اعتماد کیا اس کیلئے شکرگزار ہوں، عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر آئین اور قانون کی سربلندی کی جدوجہد کریں گے، عمران خان ملک میں آئین اورقانون اورعام آدمی کی جنگ لڑ رہے ہیں، عمران خان کا راستہ روکنا حکومت کے بس کی بات نہیں وہ عوام کے دلوں میں بس چکے ہیں، ملک میں ہونے والا ہر سروے اور ہر ضمنی الیکشن عمران خان کی مقبولیت کی گواہی دے رہاہے.
Load/Hide Comments



