کراچی(آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ میں کبھی فارم پر یقین نہیں کرتا، مجھے نہیں معلوم کہ فارم کیا ہے، نہ جاننا چاہتا ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں محمد رضوان نے کہا کہ میرا یقین صرف محنت پر ہے، میں وہی کرتا ہوں، محنت کرتے ہیں تو اللّٰہ اس کا صلہ بھی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سے بہتر کرنا ہے تو اس سے زیادہ محنت کرنا ہوتی ہے، اگر ٹاپ پلیئر بننا ہے تو سب سے زیادہ محنت کرنا ہوتی ہے۔ملتان سلطانز کے کپتان نے مزید کہا کہ فیلڈ کی محنت کے ساتھ، فیلڈ کے باہر کی محنت بھی اہم ہوتی ہے، یونس خان اور مصباح الحق کو دیکھ کر بہت کچھ سمجھا۔ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹنگ آرڈر تبدیل ہونے کے بعد میری بیٹنگ سب کے سامنے ہے، اوپنر بننے کے بعد میری بیٹنگ کافی تبدیل ہوئی ہے۔ محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ آج بھی شیڈو پریکٹس کرتا ہوں، کوشش کرتا ہوں کہ کچھ مختلف کرتا رہوں، ہر ٹورنامنٹ میں اہداف ہوتے ہیں مگر بتاتا نہیں، اپنے تک رکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے گرا ؤ نڈ میں تو سب کو چیلج کیا ہوا ہے، لیکن محبت سب سے ہے، کسی پر غصہ کرنا اچھی بات نہیں لیکن اس کا مطلب بزدل ہونا نہیں۔ملتان سلطانز کے کپتان نے کہا کہ اچھی چیز حاصل کر کے تکبر نہیں کرنا چاہے، عاجزی رہنی چاہیے، اگر کوئی آنکھیں دکھاتا ہے تو اس کو بھی دکھاتے ہیں، ورنہ ہم محبت والی قوم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کے آغاز سے مطمئن ہوں، ٹیم اچھا پرفارم کر رہی ہے، پلیئرز آپس میں جیل ہیں، کپتان کو یہی چاہیے ہوتا ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ جو پلیئرز سے ڈیمانڈ ہے، وہ اس سے زیادہ کرکٹ دے رہے ہیں، وکٹیں اور حالات کو دیکھ کر اپنی حکمت عملی بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کبھی کبھار ایک کھلاڑی کی اسٹرینتھ ہی اس کی کمزوری بن جاتی ہے، ساری ٹیمیں کافی بیلنس ہے، اہم یہ ہے کہ میچ کے دن کون کیسا کھیلتا ہے۔ملتان سلطانز کے کپتان نے کہا کہ ہم نے یکطرفہ مقابلے نہیں جیتے، پھنسے ہوئے میچز نکالے ہیں، صرف کوئٹہ کا میچ ایسا تھا جس میں ہم ون سائیڈڈ جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے خلاف احسان اللّٰہ کے اسپیل نے فرق ڈال دیا تھا، پی ایس ایل بڑی لیگ اس لیے ہے کیوں کہ اس میں ہر ٹیم تگڑی ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم مومینٹم حاصل کرکے سب کچھ بدل سکتی ہے، سنسنی خیز لمحات میں اعصاب پر قابو رکھنا کافی مشکل ہوتا ہے۔
Load/Hide Comments



