لاہور (آن لائن) اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی فٹنس پر تنقید کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اعظم خان نے کہا کہ وہ قومی سلیکشن سے پریشان نہیں ہیں اور صرف اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ 24 سالہ نوجوان نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا، ”میری فٹنس ہمیشہ سے بہت اچھی رہی ہے، میرا مقصد مسلسل کارکردگی دکھانا ہے، میں اپنی کارکردگی کو فٹنس سے زیادہ درجہ دیتا ہوں،میں منفی ردعمل کے بارے میں پریشان نہیں ہوں، جہاں تک سلیکشن کا تعلق ہے، یہ سلیکٹرز کی کال ہے کہ اگر وہ مجھے سلیکٹ نہیں کرنا چاہتے۔میری کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ اعظم خان کے والد اور گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نے بھی اپنے بیٹے کی اننگز کی تعریف کی اور اسے اچھی کارکردگی جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ اعظم خان نے کہا کہ ’میرے والد میری سب سے بڑی تحریک ہیں۔ انہوں نے مجھے ذہنی طور پر بہت مضبوط بنایا اور تمام تر مشکلات کے باوجود اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے ہمیشہ میری حمایت کی۔انہوں نے مجھے پہلے ہی تنقید کے بارے میں بتایا اور اس کے خلاف لڑنے میں میری مدد کی۔ مجھے امید ہے کہ میں ان کا سر فخر سے بلند کرتا رہوں گا۔
Load/Hide Comments



