لاہور (آن لائن)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آج شہباز شریف نے لوگوں سے کہا ہے مزید مہنگائی کے لیے تیار ہو جائیں کیونکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے، گاڑیوں میں کمی اور زمینیں بیچنے سے کچھ نہیں ہو گا اور اگر یہ لوگوں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو باہر رکھا ہوا چوری کا پیسہ واپس لے آئیں، میری حکومت ضرور آئے گی پھر میں ان کو نہیں چھوڑوں گا، انہیں لگتا ہے جو جج ان کے خلاف فیصلہ کرے گا اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں، جو بھی آج ایکشن کررہا ہے اسے میں نہیں چھوڑوں گا، 90 دن کے بعد نگراں حکومت نہیں رہ سکتی، ہمارے دور میں نیب نے 480 ارب ریکور کیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا کہ میں جیل بھرو تحریک کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں جو 10اپریل سے جاری پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ کا تسلسل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی شہباز شریف کی تقریر سنی اور اس میں مجھے ایک ہی چیز سمجھ آئی کہ کیونکہ ہمیں آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے، تو وہ قوم کو تیاری کرا رہا ہے کہ قوم مزید مہنگائی کے لیے تیار ہو جائے، باقی چیزوں پر بات کرنے کا فائدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، آپ نے لوگوں سے جو وعدے کیے ہیں وہ لوگ ایک منٹ میں نکال کر سامنے لے آتے ہیں، صرف جا کر نکال لیں کہ جب ہماری حکومت تھی تو آپ نے کس قسم کی تقریریں کی تھیں کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے، پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرو، اس حکومت کو گرا دو، کیا آپ کو یاد ہے، اگر آپ کو یاد نہیں ہے تو سوشل میڈیا پر آپ کی ساری تقریریں لے آئیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے حکومت گرائی، آپ اس سازش کا حصہ تھے، آپ نے، آصف زرداری نے، تیسرا آدمی، لندن میں جو آپ کا بھائی اور سابق آرمی چیف نے مل کر یہ کام کیا اور بیرونی طاقتوں کو یہ کہہ کر شامل کر لیا کہ عمران خان آپ کے خلاف ہے، سب نے مل کر یہ حکومت گرائی۔انہوں نے کہا کہ آپ نے وعدہ کیا کہ ایک ملک ٹھیک ہو جائے گا، ایک دم خوش حالی آئے گی، 10 مہینے میں جو اس پاکستان کے ساتھ جو ہوا ہے وہ دشمن بھی نہ کرے، ان 10 مہینوں کے دوران 50 سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے، جب ہم گئے تھے تو مہنگائی 12 سے ساڑھے 12 فیصد تھی، آج مہنگائی تین گنا زیادہ ہے، جبکہ آپ نے لوگوں سے کہا کہ لوگ مہنگائی کے لیے تیار ہو جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی ڈھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے، اس پر پوری دنیا میں کورونا کی وبا آئی تھی جس سے سپلائی لائن متاثر ہوئی تھی اور ساری دنیا میں مہنگائی آئی تھی، تیل اور توانائی کی قیمتیں خاص طور پر اوپر چلی گئی تھیں، ہمارے دور میں تیل کی قیمت 110 سے 115ڈالر فی بیرل تک گئی تھی، آج وہ 75 سے 85 ڈالر ہے، تو مہنگائی کی اصل وجہ تو تیل تھی لیکن اب تو تیل کی قیمت کم ہو گئی ہے۔عمران خان نے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ ڈالر گر گیا ہے، ڈالر تقریباً 100روپے مہنگا ہوا ہے اور اب آپ کہہ رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے تو لوگ مزید مہنگائی کے لیے تیار ہو جائیں، میں سمجھا ؎آپ کوئی ایسا بیان دیں گے کہ آپ نے، آصف زرداری اور آپ کے خاندان جو 30 سال سے پیسہ چوری کر کے باہر لے کر گئے ہیں وہ واپس لانے کا اعلان کریں گے، اگر آپ وہ سارا پیسہ واپس لے آئیں تو آپ کو یہ مہنگائی نہیں کرنی پڑے گی.
Load/Hide Comments



