وزیراعظم یوتھ پروگرام نے 2023 کو نوجوانوں کا سال قرار دے دیا

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم یوتھ پروگرام نے 2023 کو نوجوانوں کا سال قرار دے دیا،اس تناظر میں اس ہفتہ کو “ویک آف یوتھ” کے طور پر منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار پیر کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام 2013میں وزیراعظم نواز شریف نے شروع کیا تھا جبکہ مریم نواز اس کی پہلی چیئرپرسن تھیں۔اس سے پہلے 2008میں وزیراعلی کی حیثیت سے شہباز شریف نے یہ پروگرام صوبہ پنجاب میں شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ملک میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی پروگرام مخصوص نہیں تھا۔مسلم لیگ (ن) نے نوجوانوں کو بااختیاربنانے کے لئے یہ پروگرام شروع کیا۔معاون خصوصی نے کہاوزیراعظم یوتھ پروگرام کے اجراء کو دس سال مکمل ہوئے ہیں۔اس تناظر میں 2023کو نوجوانوں کا سال قرار دیا گیا ہے۔یہ ہفتہ ویک آف ویک کے طور پر منایا جائے گا۔ویک آف یوتھ میں نوجوان کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دے دیئے گئے۔ویک آف یوتھ کے پہلے دن مستقبل کے معمار کے عنوان سے نوجوان اسٹارٹ اپس میں مقابلہ کا انعقاد ہوگا۔مقابلے کے کامیاب نوجوان اسٹارٹ اپس میں انعامات بھی دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت فٹبال،والی بالز کے ٹرائلزکا آغاز ہوگا۔وزیراعظم یوتھ لون اینڈ ایگری کلچر لون کے تحت کامیاب درخواست گزاروں میں چیکس تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت نوجوانوں کے لئے مقررہ اہداف پر ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ میں مباحثہ منعقد کیا جائے گاجس میں نوجوانوں سے متعلق مستقبل کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے تعاون سے 10کلومیٹر کی میراتھن ریس منعقد کی جائے گی۔جس میں سفارتی برادری کے 400افراد اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت گرین یوتھ موومنٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان شریک ہوں گے گرین یوتھ موومنٹ کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فوٹو گرافی کا مقابلہ بھی منعقد کیاجائے گا۔پیر کو اختتامی تقریب ہو گی۔