اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے۔وزیراعظم پاکستان حالیہ زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر ترکیہ سے اظہار یکجہتی کریں گے۔وزیراعظم ترک عوام کے ساتھ خصوصی یکجہتی اور تعاون کے جذبے کے ساتھ دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات میں زلزلے سے جانی نقصان اور تباہی پر اظہار افسوس اور ترکیہ کے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کریں گے۔وزیراعظم جنوبی ترکی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی ریسکیو ٹیموں اور زلزلہ سے بچ جانیوالے افراد سے گفتگو کریں گے۔ ترکیہ میں خوفناک زلزلے کے فوری بعد وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بعد میں یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ کے فوری بعد 6 فروری کو ترک صدر سے بات کی تھی جس میں انہوں نے ریسکیو اور بحالی کیلئے ہر قسم کی مدد کا یقین دلایا تھا۔ ترکیہ روانگی سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ وقت متقاضی ہے کہ عالمی برادری مشکل کا شکار انسانیت کی مدد کیلئے آگے آئے،میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کیساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کے پیغام کے ساتھ ترکیہ جا رہا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ دو ریاستوں میں رہنے والی ایک قوم کے جذبے کے تحت ہم ترکیہ کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہیں۔ اپنی ایک اور ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلہ کے نقصانات سے نمٹنا کسی ایک حکومت کی استعداد سے کہیں زیادہ ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے طور پر قدرتی آفات کسی ایک حکومت کی ہینڈل کرنے کی صلاحیت سے باہر ہیں، کوئی بھی ملک خواہ کتنا ہی وسائل رکھتا ہو، اس شدت کی تباہی سے نمٹ نہیں سکتا، یہ وقت ہے کہ دنیا آگے آئے اور دکھی انسانیت کی مدد کرے.
Load/Hide Comments



