پشاور(آن لائن)پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے میں شہداء کی تعداد95 ہوگئی ہے جبکہ 57زخمی زیر علاج ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے،لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے حکام کے مطابق ہسپتال لائے گئے تمام افراد کی شناخت کا مرحلہ بھی مکمل ہو گیا ہے جبکہ اس وقت ہسپتال میں 57 زخمی زیر علاج ہیں۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مجموعی طور پر 157 زخمی لائے گئے تھے جن میں بیشتر کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔تحقیقاتی ٹیموں نے پولیس لائن گیٹ،خیبر روڈ کی فوٹیجز کا معائنہ کر لیا۔پولیس کے مطابق فوٹیج میں موجود مشکوک موٹرسائیکل سوار کلئیر ہے۔مبینہ طور پر بارودی مواد گاڑی کے ذریعے پولیس لائن منتقل کیا گیا۔گذشتہ روز 140 افراد پولیس لائن میں داخل ہوئے۔پولیس لائن کے بیرک میں موجود افراد کی پروفائلنگ جاری ہے۔ ریسکیو 1122 پشاور کے مطابق دہشت گردی کا نشانہ بننے والی مسجد کی عمارت کے ملبے تلے اب کوئی بھی فرد دبا ہوا نہیں ہے۔ریسکیو کے ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد شروع کیے جانے والے آپریشن میں مجموعی طور پر ملبے سے 24 لاشیں نکالی گئیں جبکہ نو افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملبے کو مکمل طور پر ہٹانے کا کام حتمی مراحل میں ہے۔عینی شاہدین کے مطابق پشاور میں پیر کے روز ہونے والے بم دھماکے کے بعد سے اب تک پولیس لائن مسجد میں متاثرین کی تلاش کا کام تا حال جاری ہے۔دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے لوگ اپنوں کی تلاش میں پولیس لائن اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں گھوم رہے ہیں جس کے باعث پشاور شہر میں ایک سوگ کا سما ہے۔
Load/Hide Comments



